بنگلورو،19؍اکتوبر(ایس اونیوز) مرکزی حکومت کی طرف سے شریعت اسلامیہ میں مداخلت کی مبینہ کوشش اور طلاق ثلاثہ کے حوالے سے یکساں سول کوڈ لانے کی تیاری کی مذمت کرتے ہوئے آج دارالسلام میں کرناٹک کے تمام اضلاع سے آئے ہوئے اہل سنت والجماعت کے علماء ، ائمہ اور عمائدین کا ایک اجلاس زیر صدارت مولانا کلیم احمد طاہری صدر آل کرناٹک سنی علماء بورڈ منعقد ہوا۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیاگیا کہ شریعت اسلامی ، مسلم پرسنل لاء ، عائلی امور میں اسلامی تعلیمات نکاح اور طلاق کے متعلق جانکاری فراہم کرنے کیلئے خطبات جمعہ کو پلاٹ فارم بنایا جائے گا۔ ریاست کے کونے کونے میں عام مسلمانوں تک ان تمام مسائل کے متعلق جانکاری فراہم کرنے کیلئے مہم چلائی جائے گی۔ اجلاس کے سلسلے میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے علمائے کرام نے بتایاکہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے طلاق ثلاثہ کے متعلق جو دستخطی مہم شروع کی گئی ہے، اس میں اہل سنت والجماعت کے تمام علمائے کرام کی طرف سے پہلے ہی متحرک ہوکر کام کیاجارہاہے۔ خاص طور پر خواتین کی طرف سے اس دستخطی مہم میں زیادہ سے زیادہ حصہ داری یقینی بنائی جارہی ہے۔ تمام اضلاع میں مقامی ذمہ داروں کے ذریعہ نہ صرف یہ مہم چلائی جارہی ہے ،بلکہ عوامی سطح پر بیداری لانے کیلئے بھی ریاست کے چاروں ڈویژنوں میں اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ خطاب جمعہ کے ذریعہ نکاح ، طلاق اور خلع کے متعلق اسلامی تعلیمات کو عوام میں عام کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے طلاق ثلاثہ کا جو سہارا لیا جارہاہے، علمائے کرام اس حقیقت کو عوام کے سامنے آشکار کریں گے اور بتائیں گے کہ اسلام نے خواتین کو کیا حقوق دئے ہیں۔عوام کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ اسلام میں خواتین کو جو وقار اور احترام عطا کیاگیا ہے کسی اور مذہب میں وہ نہیں دیا گیا ہے۔ مٹھی بھر گمراہ خواتین کو لے کر حکومت شریعت میں مداخلت کرنے کی مذموم کوشش کررہی ہے، جسے کبھی کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ اجلاس میں مفتی شریف الرحمن رضوی ، جنرل سکریٹری آل کرناٹک سنی علماء بورڈ، مولانا غلام مختار قادری ، خطیب وامام مسجد حضرت کمبل پوش ،مولانا ظہیر الدین رضوی ، جنرل سکریٹری رضا فاؤنڈیشن ، مولانا واعظ الدین رضوی ، مولانا سالک آفاق رضوی، مولانا ناصر رضاخان رضوی ، مولانا شفیق الرحمن رضوی، اور دیگر علمائے کرام نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں محمد صادق اﷲ رضوی ، لیگل اڈوائزر سنی علماء بورڈ ، موسیٰ رضوی ، مشتاق احمد رضوی نظامی، حافظ منیر الدین ، نصیر الدین، سراج احمد ، ساجد اور جاوید رضوی موجود تھے۔ اجلاس میں جامع حضرت بلالؓ ،جماعت رضائے مصطفیؐ ،امام احمد رضامومنٹ کے نمائندے بھی شریک تھے۔آل کرناٹک جلوس میلاد رحمت اللعٰلمینؐ کمیٹی کی طرف سے اسماعیل شریف نانانے اجلاس میں شرکت کی۔